طلحہ اشرف: سوئی گیس کی مسلسل لوڈشیڈنگ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ٹاؤن شپ اور گرین ٹاؤن کے مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر مظاہرہ کیا اور حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ گیس کی بندش کے باعث گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گھروں میں کھانا پکانے سمیت روزمرہ کے معمولات متاثر ہو رہے ہیں جبکہ مہنگے پٹرول نے آمد و رفت کے اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
احتجاج میں شریک شہریوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور گیس لوڈشیڈنگ نے عوام کو دوہرے عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔ ان کے مطابق بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے عام شہری کی زندگی مزید مشکل بنا دی ہے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سوئی گیس کی فراہمی فوری طور پر بحال کی جائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر توجہ نہ دی گئی تو احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں حکومت کو عوامی مسائل کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔