دعا شکیل پراچہ :پیٹرول کی قیمت میں حالیہ کمی کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ سے وابستہ ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز نے حکومتی اقدام کو ناکافی قرار دیتے ہوئے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی کمی کا مطالبہ کر دیا ہے۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ اگرچہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کی ہے، تاہم ان کی زیادہ تر گاڑیاں ڈیزل پر چلتی ہیں اور ڈیزل کی قیمت برقرار رہنے سے انہیں عملی طور پر کوئی بڑا ریلیف نہیں ملا۔
ڈرائیورز کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے کے باعث آپریشنل اخراجات بدستور بلند ہیں، جس میں ایندھن، گاڑیوں کی دیکھ بھال اور دیگر روزمرہ اخراجات شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں کرایوں میں اضافہ ممکن نہیں، جس کے باعث آمدنی اور اخراجات کے درمیان توازن برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔
پبلک ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد نے شکوہ کیا کہ ایک جانب مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ دوسری جانب ڈیزل کی بلند قیمتیں ان کے معاشی مسائل میں مزید اضافہ کر رہی ہیں۔
ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ پیٹرول کے ساتھ ساتھ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے.