ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب حکومت کا ہونہار سکالرشپس میں بڑے اضافے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا ہونہار سکالرشپس میں بڑے اضافے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  عمران یونس: پنجاب حکومت نے طلبہ کی تعلیمی معاونت کے لیے ہونہار اسکالرشپ پروگرام اور لیپ ٹاپ اسکیم کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

 آئندہ مالی سال کے لیے ہونہار اسکالرشپس کی تعداد 30 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے لیے تقریباً ڈیڑھ لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں، جس کے پیش نظر مستحق اور قابل طلبہ کی زیادہ تعداد کو مالی معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسی طرح حکومت نے لیپ ٹاپ اسکیم کے دائرہ کار میں بھی اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ مالی سال کے دوران 71 ہزار طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے، جبکہ رواں سال 40 ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے تھے۔

حکام کے مطابق ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ پروگرامز پر مجموعی طور پر 75 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد باصلاحیت طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنا، اعلیٰ تعلیم کے مواقع بڑھانا اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری نوجوان نسل کے روشن مستقبل اور صوبے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، اسی لیے طلبہ کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔