ویب ڈیسک:چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت سن لے ہم اپنے پانی کے حق پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے ، جنگ لڑنا پڑی تو لڑیں گے، بھارت سندھ طاس معاہدے کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے۔
گلگت میں حلف برداری کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے عوام محب وطن پاکستانی ہیں، گلگت کے عوام آج بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کو یاد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میدان جنگ میں شکست کے بعد پاکستان میں بغاوت پھیلانا چاہتاہے،مودی کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم آپ کی سازشوں سے واقف ہیں، مودی جان لے بلوچستان میں آپ کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔
بھارت سن لے ہم اپنے پانی کے حق پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے،بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ ناکام بنائیں گے،بھارت اور اسرائیل کے ایران اور فلسطین میں کردار کو سب جانتے ہیں۔
مودی کو پاک فوج نے عبرتناک شکست دی،بھارت اب پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتاہے،ہم جانتے ہیں بھارت افغانستان کے ذریعے بلوچستان میں کیا کرنا چاہتاہے؟
سندھو دریا ہمارا حق ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، کچھ جماعتوں کے آزادکشمیر میں الیکشن نہ لڑنے کے اعلان پر افسوس ہوا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی اور اپنی جدوجہد اور قربانیوں سے تاریخ میں ایک نمایاں مقام بنایا۔
انہوں نے کہا ہے کہ نوجوانوں کیلئے بہترین مواقع فراہم کریں گے، گلگت بلتستان کے عوام کا مینڈیٹ ہمارے کندھوں پر بھاری ذمہ داری ہے، گلگت بلتستان کے عوام کی مشکلات دور کرنا ہماری ترجیح ہے، گلگت بلتستان کے نوجوان باصلاحیت اور ہنر مند ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاست لڑائی جھگڑے کا دوسرا نام بن چکی ہے، تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر ملک کیلئے کام کریں گے، گلگت بلتستان میں مینڈیٹ تسلیم کرنے پر وزیراعظم کا شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کا ممنون رہوں گا، ہماری افواج نے بھارت کو جنگ میں عبرتناک شکست دی، مودی کو بتانا چاہتا ہوں کہ اس کی سازش کو ہم جانتے ہیں، اسرائیل کی سازش ناکام ہوئی، مودی افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دراندازی کرنا چاہتا ہے۔