ثمرہ فاطمہ:محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مرطوب ہوائیں داخل ہونے کے باعث 8 جولائی تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مرطوب ہواؤں کے زیر اثر مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ 7 جولائی سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بھی بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جس سے بارشوں کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
پیشگوئی کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں بارش متوقع ہے، جبکہ پنجاب کے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور سرگودھا سمیت مختلف شہروں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز آندھی کے باعث کمزور اور خستہ حال عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
اس کے علاوہ کسانوں کو فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔