ابوبکر ارشد:شہر کی اوپن مارکیٹ میں برائلر مرغی سمیت مختلف اقسام کے گوشت کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔
سرکاری طور پر برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 403 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہ 25 سے 30 روپے مہنگا فروخت ہو رہا ہے۔ پرچون مارکیٹ میں برائلر گوشت 403 روپے کے بجائے 440 سے 450 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح چھوٹا گوشت 1600 روپے کے سرکاری نرخ کے برعکس 2400 سے 2800 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا ہے، جبکہ بڑا گوشت 800 روپے فی کلو کی بجائے 1000 سے 1200 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مسلسل مہنگائی اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث گھریلو بجٹ شدید متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول میکنزم کو مؤثر بنایا جائے اور گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔