وسیم احمد: پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کا اہم اجلاس آج لاہور میں پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں ہو رہا ہے جس کی صدارت چیئرمین محسن نقوی کریں گے۔
اجلاس میں پی سی بی کے بجٹ 25-2024 کی منظوری دی جائے گی اور قومی کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں پرفارمنس ،چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے معاملات بھی اجلاس کے ایجنڈا میں شامل ہیں۔
چیئرمین پی سی بی گورننگ بورڈ کو اپنے اقدامات کےمتعلق بریفنگ دیں گے۔ چیئرمین پی سی بی چیمپئینز ٹرافی کی تیاریوں اور کراچی، لاہور، راولپنڈی کے کرکٹ سٹیڈیمز کی اَپ گریڈیشن کے پروجیکٹس پر عملدرآمد کی صورتحال سے بھی آگاہ کریں گے۔
گورننگ بورڈ کے اجلاس میں مصطفیٰ رمدے، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، آزاد کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سجاد کھوکھر ، ڈیرہ مراد جمالی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ظفراللہ جندل، لاڑکانہ ایسوسی ایشن کے صدر تنویر احمد، بہاولپور کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدرطارق سرور، ایس این جی پی ایل کے نمائندے اسماعیل قریشی، غنی گلاس کے انوار احمد خان، سٹیٹ بینک کے نمائندے جاویداقبال، پی ٹی وی کے اسامہ اظہر اور کابینہ کمیٹی کا نمائندہ بھی شرکت کریں گے۔