ملک اشرف:لاہور ہائیکورٹ نے انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کے معاملہ پر بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری کی نااہلی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔
جسٹس شاہد کریم نے سید اقتدار حیدر کی درخواست کے متعلق فیصلہ سنا دیا۔ درخواستگزار نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کے منشور پر پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرین کے انتخابی نشان تیر کو استعمال کیا ہے۔ ان کا یہ اقدام الیکشن ایکٹ کے سیکشن دوسوپندرہ کی ذیلی شق تین کی خلاف ورزی ہے۔
پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سربراہ آصف علی زرداری پیپلز پارٹی کے پرچم کو استعمال کر رہے ہیں۔ ان کا یہ اقدام الیکشن ایکٹ کے سیکشن دوسوکی ذیلی شق دو کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق انتخابی قوانین کے تحت کوئی سیاسی جماعت کسی دوسری جماعت کا پرچم اور انتخابی نشان استعمال نہیں کر سکتی۔