ویب ڈیسک: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت جاری بینظیر تعلیمی وظائف اسکیم کے ذریعے مستحق خاندانوں کے بچوں کو تعلیم کے حصول کی جانب راغب کیا جا رہا ہے۔ اس اسکیم کا مقصد بی آئی ایس پی کفالت پروگرام سے مستفید خاندانوں کے بچوں میں پرائمری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری سطح پر اسکول میں داخلے اور حاضری کو یقینی بنانا ہے۔
بی آئی ایس پی کی جانب سے حال ہی میں تعلیمی وظائف کے لیے بچوں کی رجسٹریشن سے متعلق نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پروگرام کے تحت صرف وہی بچے اہل ہوں گے جن کے والدین بی آئی ایس پی کفالت پروگرام کے فعال مستفیدین ہوں گے۔ بچوں کی تصدیق مکمل ہونے اور اسکول حاضری کی شرط پوری ہونے پر سہ ماہی وظائف جاری کیے جائیں گے۔
بی آئی ایس پی کے مطابق والدین کو اپنے بچوں کے ساتھ قریبی تحصیل آفس جانا ہوگا، جہاں نادرا سے جاری کردہ ب فارم کی بنیاد پر انرولمنٹ کی جائے گی۔ انرولمنٹ سلپ اسکول سے مکمل کروا کر بی آئی ایس پی آفس میں جمع کروانے کے بعد تصدیقی عمل مکمل کیا جائے گا، جس کے بعد بچوں کو وظائف کی ادائیگی شروع کر دی جائے گی۔
تعلیمی وظائف کے تحت پرائمری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری سطح پر لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے مختلف رقوم مقرر کی گئی ہیں، جبکہ پرائمری تعلیم مکمل کرنے والی طالبات کو خصوصی بونس بھی دیا جاتا ہے۔ اس اسکیم کے لیے عمر کی حد بھی مقرر کی گئی ہے تاکہ ہر تعلیمی سطح پر مستحق بچوں کو شامل کیا جا سکے۔
بی آئی ایس پی حکام کا کہنا ہے کہ بینظیر تعلیمی وظائف اسکیم غریب اور مستحق خاندانوں کے بچوں کی تعلیم کے فروغ، اسکول چھوڑنے کی شرح میں کمی اور تعلیمی تسلسل کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن کروا کر اپنے بچوں کو اس تعلیمی معاونت سے فائدہ پہنچائیں۔