ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سونے کی فی تولہ قیمت میں بڑا اضافہ

سونے کی فی تولہ قیمت میں بڑا اضافہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں دوسرے روز بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 کیرٹ فی تولہ سونا 3,200 روپے کے اضافے کے بعد 467,962 روپے پر پہنچ گیا، جبکہ دس گرام سونے کے بھاؤ میں 2,743 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 401,201 روپے تک جا پہنچا۔

چاندی کی فی تولہ قیمت میں بھی 338 روپے کا اضافہ ہوا اور یہ 8,361 روپے پر پہنچ گئی۔ عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں فی اونس سونا 32 ڈالر مہنگا ہو کر 4,456 ڈالر ہو گیا۔

واضح رہے کہ  دنیا بھر میں مالیاتی ادارے اور سرمایہ کاری بینکس سال 2026 میں سونے کی قیمتوں کے مجموعی طور پر مضبوط رہنے کی توقع ظاہر کر رہے ہیں، سوشل میڈیا اور غیر رسمی مالیاتی پلیٹ فارمز پر قیمتوں میں کمی یا اصلاح کے دعوے گردش کر رہے ہیں تاہم ماہرین کے مطابق عالمی معیشت، سود کی شرحیں، ڈالر کی قدر اور جیوپولیٹیکل کشیدگی سونے اور چاندی کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ پر اثر ڈال سکتے ہیں لیکن مجموعی رجحان تیزی کا ہی رہنے کا امکان ہے۔

کراچی گولڈ ایسوسی ایشن کے سینئر رکن عبداللہ چاند کے مطابق اس وقت عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونا اور چاندی مکمل طور پر تیزی کے رجحان پر ہیں اور قیمتوں میں کمی سے متعلق کوئی مستند یا ٹھوس اشارہ سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب راولپنڈی صرافہ ایسوسی ایشن کے رکن محمد مجتبیٰ کا کہنا ہے کہ سال 2026 کے آغاز میں سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ سکتا ہے، تاہم مجموعی رجحان تیزی کی جانب ہی رہے گا۔ ان کے مطابق عالمی حالات اور سرمایہ کاروں کے رویے کو مدنظر رکھتے ہوئے سونے کی قیمتیں نئی سطحیں قائم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور کسی مستقل یا نمایاں کمی کے امکانات کم ہیں۔