(قذافی بٹ) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا لانگ مارچ کا اعلان بھی آخر کار '' لانگ'' ہی ہوجائے گا، اپوزیشن کو خود ہی پتہ نہیں وہ اسمبلیوں سے استعفے کب دے گی۔
گورنر ہاؤس میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے رکن اسمبلی طلعت نقوی اور پارٹی وفود نے ملاقات کی، ملاقات میں گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 31 جنوری آرہا ہے سب دیکھیں گے، اپوزیشن کے استعفے نہیں آئیں گے۔ پی ڈی ایم "پریشان ڈیموکرٹیک موومنٹ" بن چکی ہے، ان شاء اللہ آئندہ چیئر مین سینیٹ بھی پاکستان تحریک انصاف سے ہی ہوگا۔
چودھری محمد سرور نے کہا کہ اپوزیشن ہر محاذ پر ناکامی کے بعد ''محفوظ راستے'' کی تلاش میں ہے، پی ڈی ایم سیاسی طور پر زندہ رہنے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہی ہے۔
چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں، آج ملک میں امن واستحکام کیلئے سب کو ملکر کام کر نے کی ضرورت ہے،(ق) لیگ سمیت تمام اتحادی حکومت کیساتھ متحد کھڑے ہیں، چودھری پرویز الہٰی نے کبھی حکومت گرانے کی بات نہیں کی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ عمران خان کو پارٹی کے اندر سے کوئی خطرہ نہیں،کسی بھی لیڈر کو اپنی سیاسی جماعت کے اندر سے خطرہ نہیں ہوتا،بلوچستان واقعہ بہت دلخراش ہے،بربریت کا مظاہرہ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔