کاوش میمن : کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس عبداللہ علوی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیاجومنظوربھی ہوگیاہے اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھی اس حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ کردیاگیاہے۔
سٹاک مارکیٹ کو اطلاع سیکیورٹیز ایکٹ 2015 کے تحت دی گئی ہے،دستاویزات پر چیف کمپنی سیکریٹری رضوان پیسنانی نے دستخط کیے ہیں۔
واضح رہے کہ مونس علوی نے کے الیکٹرک میں 18 سال خدمات سر انجام دیں،وہ سب سے طویل مدت تک کے الیکٹرک کے سی ای او رہے اور8 سال اس عہدے پر فائر رہے،کے الیکٹرک کے نئے سی ای او کا انتخاب 10 فروری کو ہو گا۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کےمستعفی سی ای او مونس علوی کا ویڈیو بیان بھی سامنے آگیا ہے جس میں انہوں نے کہاہے کہ ادارے کی بہتری ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے، یہ ایک منظم اور سوچا سمجھا فیصلہ ہے تاکہ کمپنی آگے بڑھتی رہے۔
مونس علوی نے اپنے بیان میں کہا کہ کےالیکٹرک کو نئے نظریے اور سوچ کی ضرورت ہے، نئے سی ای او کی تقرری کے بارے فیصلہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کریں گے، یہ مرحلہ جلد مکمل ہو گا اور نئے سی ای او کی تقرری احسن طریقے سے ہو جائےگی،نئے سی ای او کی آن بورڈنگ اور اختیارات کی ہموار منتقلی کے بعد کےالیکٹرک کو خیر آباد کہوں گا، کےالیکٹرک کی اصل روح اس کے ملازمین ہیں اور یہ بدستور برقرار ہے، کےالیکٹرک کی بنیاد بہت مضبوط ہے، اس کو مزید آگے لے جانے کا سفر جاری رہے گا۔