ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بسنت کی رونقیں عروج پر، بازاروں میں گڈا و ڈور کی خریداری کا کاروبار کروڑوں تک پہنچ گیا

بسنت کی رونقیں عروج پر، بازاروں میں گڈا و ڈور کی خریداری کا کاروبار کروڑوں تک پہنچ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: لاہور میں 25 سال بعد بسنت کا تہوار تین روزہ جشن کی شکل میں جاری ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں پتنگوں کی خریداری کا کاروبار عروج پر پہنچ گیا ہے۔ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز شہر میں 70 سے 75 کروڑ روپے کے قریب گڈا و ڈور کی خریداری ہوئی، جبکہ آج بھی کروڑوں روپے کے کاروبار کی توقع کی جا رہی ہے۔

بسنت کی خوشیوں نے لاہور کے روایتی ورثے کو دوبارہ زندہ کر دیا ہے۔ شہر کی دیواریں، عمارتیں اور چھتیں جشن کی روشنی سے جگمگا رہی ہیں، اور آسمان پر رنگ برنگی پتنگیں 25 سال بعد واپس لوٹ آئیں۔ لبرٹی چوک، کینال اور اندرونِ شہر کے علاقے بسنت کے رنگوں میں رنگ گئے، جہاں شہریوں نے دن چڑھتے ہی پتنگیں اور ڈور سنبھال لی ہیں۔

لاہور کے مختلف علاقوں بشمول گڑھی شاہو، باغبانپورہ، شام نگر اور موچی گیٹ میں پتنگ فروش دکانوں پر بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں کی بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ موچی گیٹ بازار میں ڈور کا پنا، تاوا، ڈیڑھ تاوا گڈا نایاب ہو گیا ہے اور ڈور کے 2 پیس پنا بلیک میں 25 ہزار روپے تک فروخت ہونے لگے ہیں۔
دکانداروں کے مطابق پونا تاوا 150 سے 200 روپے، ایک تاوا 400 سے 500 روپے، جبکہ ڈیڑھ تاوا گڈا 600 سے 800 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ بعض علاقوں میں ڈیڑھ تاوا گڈا 500 سے 700 روپے میں بھی دستیاب ہے۔

پتنگوں کے ساتھ ڈور کی طلب میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور اس کے باعث ڈور کی قیمت 9 سے 10 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ پتنگوں کی ڈیمانڈ بہت زیادہ ہے اور وقت کم ہونے کے باوجود کوشش کی جا رہی ہے کہ ہر شہری بسنت منانے کا موقع پائے۔

بسنت کے موقع پر انتظامیہ نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ صرف ساڑھے چار کھٹی پتنگ اور ڈیڑھ تاوا گڈا اڑانے کی اجازت ہوگی۔ صرف کاٹن دھاگے کی ڈور استعمال اور فروخت کی اجازت ہے جبکہ دھاتی تار، نائلون، کیمیکل یا شیشہ لگی مانجے پر مکمل پابندی ہوگی۔ خلاف ورزی پر 3 سے 5 سال قید اور 20 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب  رہنما عظمی بخاری نے بسنت کی خوشیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ لاہور نے ثابت کر دیا کہ وہ زندہ دلوں کا شہر ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بسنت کو محفوظ طریقے سے منائیں اور دوسروں کی حفاظت کا بھی خیال رکھیں۔

عظمی بخاری نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروا رہی ہیں، اور شہریوں کو ڈور اور پتنگ کے QR کوڈ والی اشیاء استعمال کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپلائی بڑھنے سے گڈی اور ڈور کی قیمتوں میں کمی آئی ہے اور آج شام تک مزید سپلائی آنے سے قیمتیں مزید کم ہوں گی۔