ملک اشرف : بسنت کے موقع پر آج شہر بھر میں مقامی تعطیل، لاہور ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں معمول کے مطابق مقدمات کی سماعت جاری رہی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم سمیت مجموعی طور پر 22 ججز نے مختلف نوعیت کے مقدمات کی سماعت کی۔ جمعہ کا دن ہونے کے باعث انتہائی کم کیسز سماعت کے لیے مقرر تھے۔ عدالتوں میں مجموعی طور پر حاضری نہایت کم رہی۔عدالتی ذرائع کے مطابق پولیس افسران، وکلاء اور سائلین کی تعداد بھی نہ ہونے کے برابر تھی ۔شہر میں مقامی تعطیل کے باعث پولیس اور دیگر سرکاری افسران کو عدالتوں میں پیشی کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔سماعت کرنے والے ججز میں جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس سید شہباز علی رضوی، جسٹس مسعود عابد نقوی شامل تھے۔ جسٹس شاہد کریم، جسٹس ساجد محمود سیٹھی، جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس عاصم حفیظ شامل تھے۔اس کے علاوہ جسٹس محمد امجد رفیق، جسٹس محمد رضا قریشی، جسٹس خالد اسحاق اور جسٹس ملک محمد اویس خالد سمیت دیگر ججز نے بھی مقدمات کی سماعت کی۔