( سٹی 42) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو لاہور ایئرپورٹ پر روک لیا گیا۔ سید یوسف رضا گیلانی کو ایف آئی اے، ایمی گریشن نے باہر جانے سے روک دیا۔ سید یوسف رضا گیلانی لاہور سے بینکاک جارہے تھے، ای سی ایل میں نام ہونے کی وجہ سے روکا گیا۔
سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کا بیرون ملک جانے سے روکے جانے پر ردعمل بھی آگیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میں پاکستان چھوڑنے کا تصور تک نہیں کرسکتا، ڈیڑھ ماہ قبل میں ایشیا پیسفک کانفرنس میں شرکت کیلئے نیپال گیا، آج میں براستہ بنکاک سیئول جارہا تھا، مجھے روک کر بنیادی انسانی حقوق کو پامال کیا گیا، سیئول میں ہونے والے ورلڈسمٹ میں روانگی کے حوالے سے نیب جج کو بھی آگاہ کردیا تھا۔
یوسف رضاگیلانی نے بتایا کہ دفترخارجہ اور محکمہ داخلہ میرے بیرون ملک دوروں سے آگاہ رہا،میں مسلسل عدالتوں میں پیش ہوکر الزامات کا سامنا کررہا ہوں۔
پی ٹی آئی انتقام کا راستہ ترک کرے، یہ خود عمران خان کیلئے اچھا نہیں ہے، پی ٹی آئی حکومت بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں اڑانا بند کرے، پاکستان کا سابق وزیراعظم اگر جبر کا شکار ہے تو عام آدمی کو کیا تحفظ ملے گا،آزادی اظہار کا گلا گھونٹ کر نیا پاکستان تعمیر نہیں کیا جاسکتا۔