طاہر جمیل: لاہور میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت جاری ہے، جس کے تحت شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے پروگرام کے حوالے سے ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور اور واسا نے اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔
حکام کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کا دوسرا مرحلہ 8780 گلیوں اور سڑکوں پر مشتمل ہے، جن میں سے اب تک 5057 گلیوں پر کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ فیز 2 کے تحت 290 کلومیٹر سیوریج لائنز اور 258 کلومیٹر واٹر سپلائی لائنز بھی بچھائی جا چکی ہیں۔
اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ جاری منصوبوں کی رفتار مزید تیز کی جائے اور ان کی بروقت و معیاری تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے علاوہ سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کو بھی مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔
مزید برآں، میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کو ہینڈ اوور کی گئی 640 گلیوں میں فوری طور پر سطحی کام شروع کرنے کا حکم دیا گیا، جبکہ پروگرام کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام شہریوں کو جدید سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا اور شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔