سٹی 42 : وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے فلسطینی صدر کے مشیر برائے مذہبی امور اور شرعی عدالت کے چیف جسٹس محمود صدیقی الھباش کی ملاقات ہوئی۔ وہ اسلام آباد میں منعقدہ سیرت کانفرنس میں شرکت کے لیے فلسطینی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ ملاقات میں مسجد اقصیٰ کے امام احمد حسین اور پاکستان میں فلسطینی سفیر بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے فلسطین کے صدر ڈاکٹر محمود عباس کیلئے اپنا تہنیتی پیغام دیا۔ انہوں نے فلسطین کے لیے پاکستانی عوام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور یقین دلایا کہ پاکستان فلسطین کے برادر عوام کے لیے اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گا جنہوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور بہادری سے اسرائیلی جارحیت کا سامنا کرہے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ وہ ہر سفارتی فورم پر فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے پوری قوت سے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ غزہ کی انسانی صورتحال پر وزیراعظم نے فلسطینی وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان غزہ کے لوگوں کے لیے انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھے گا جو اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں انسانی ساختہ قحط کا شکار ہیں۔
فلسطینی صدر کے مشیر نے فلسطینی عوام کی جانب سے مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر پاکستانی عوام اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان اور فلسطین کے عوام کے درمیان دیرینہ اور تاریخی رشتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں ان کے لیے تقویت کا باعث ہے۔ انہوں نے پاکستان میں حالیہ سیلاب پر تعزیت کا بھی اظہار کیا۔
ملاقات کے اختتام پر صدر محمود عباس کی جانب سے ایک خط بھی وزیراعظم کو دیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، معاون خصوصی طارق فاطمی، چیئرمین اسلامی کونسل، سیکرٹری خارجہ اور سیکرٹری مذہبی امور نے ملاقات میں وزیراعظم کی معاونت کی۔