ویب ڈیسک: معروف اداکار عمران اشرف نےعوام کو خبردار کیا ہے کہ ان کے نام سے سوشل میڈیا پر جعل سازی کی جا رہی ہے۔
اداکار نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ کچھ افراد فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کے نام سے جعلی پیجز بنا کر سیلاب زدگان کی مدد کے نام پر پیسے مانگ رہے ہیں۔
عمران اشرف نے واضح کیا کہ ان پیجز کا ان سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ان کے نام سے کی جانے والی تمام اپیلیں جعلی ہیں۔ انہوں نے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی جھوٹی اطلاع یا دھوکہ دہی کا شکار نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اگر وہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے کچھ کریں گے تو وہ اعلان اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے کریں گے۔ عمران اشرف کا کہنا تھا کہ وہ خود جلد متاثرین کے لیے عملی اقدام اٹھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔