"اپوزیشن مولانا فضل الرحمان کیساتھ چوہے بلی کا کھیل، کھیل رہی ہے"

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(قذافی بٹ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہےکہ مولانا فضل الرحمان غلط وقت پرغلط پتے کھیل گئے ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی اپنی کرپشن کی بندوقیں مولانا فضل الرحمان کے کاندھوں پر رکھ کر چلا رہی ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سٹیٹ گیسٹ ہاؤس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ پر کڑی نکتہ چینی کی، کہتی ہیں کہ پاکستان میں انتشار اور افراتفری کا بیانیہ قوم کا درد نہیں بلکہ اقتدار سے دوری کا درد ہے، مولانا فضل الرحمان کی بے وقت کی راگنی عوام کے جذبات کے منافی ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن مولانا فضل الرحمان کے ساتھ چوہے بلی کاکھیل کھیل رہی ہے، موجودہ حالات میں مولانا فضل الرحمان کی توپوں کا رخ عمران خان کے بجائے مودی ہٹلر کی طرف ہونا چاہیے، لیکن انہوں نے مورچہ سری نگر کے بجائے اسلام آباد لگا لیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کے بعد صحافیوں کے ہمراہ وزیر اعظم عمران خان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔

Sughra Afzal

Content Writer