سٹی42: سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے گرد بھی نیب کا گھیرا تنگ ہونے لگا۔
شہبازشریف کے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں شہبازشریف کے بینیفشری ہونے کی حیثیت سے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کو نو نومبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔
آشیانہ اقبال سکینڈل میں نیب کی زیر حراست سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے دونوں بیٹے بھی نیب کے ریڈار پر آگئے۔ نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے الزامات پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز اور ان کے بھائی سلمان شہباز کو ایک بار پھر طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق نیب نے شہباز شریف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کی انکوائری شروع کر رکھی ہے، جبکہ شہباز شریف کے دونوں بیٹوں کو ان کا بینیفشری ہونے کی حیثیت سے نیب نے طلب کیا ہے۔ شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز ایک بار نیب لاہور میں پیش ہو کر اپنا بیان قلمبند کروا چکے ہیں تاہم حمزہ شہباز نے سکیورٹی خدشات کی بنا پر نیب میں پیش ہونے سے معذرت کی تھی، جس کی بنا پر نیب نے انہیں 9 نومبر کو دوبارہ بیان قلمبند کروانے کے لئے طلب کیا ہے۔