کورونا کا پھیلاؤ تیز، لاک ڈاؤن بڑھانے کا مطالبہ

کورونا کا پھیلاؤ تیز، لاک ڈاؤن بڑھانے کا مطالبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( وقارگھمن ) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے لاک ڈاؤن کی مدت بڑھانے، طبی عملہ کی حفاظت اور نجی میڈیکل کالجز کے ہسپتالوں کو کورونا مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے زیر استعمال لانے کا مطالبہ کر دیا، جاں بحق افراد کی تدفین پر بھی سوالات اٹھا دئیے۔

پی ایم اے کے صدر پروفیسر اشرف نظامی کا کہنا تھا کہ حکومت لاک ڈاؤن کی مدت بڑھائے، عالمی ادارہ صحت کی سفارشات کے مطابق ٹیسٹوں کی صلاحیتوں کو مزید بڑھایا جائے، مریضوں کو اسپیکر قومی اسمبلی کی طرح گھروں میں قرنطینہ کیا جائے اور ہر شہر میں مستقل بنیادوں پر 1  ہزار بیڈ کے ہسپتال بنائے جائیں۔

پی ایم اے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے جاں بحق مریضوں کی میت کی بے حرمتی کی جا رہی ہے، میت کی تدفین کیلئے فرانزک میڈیسن ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ تابوت پر شیشہ لگایا جائے تا کہ مرحوم کے اہلخانہ میت کا آخری دیدار کر سکیں۔

پی ایم اے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت بینکوں کے باہر لگی لمبی لائنوں کا نوٹس لے اور شہر میں ہاتھ دھونے کیلئے مستقل انتظامات کئے جائیں۔ پی ایم اے کا کہنا تھا کہ حکومت ہیلتھ پروفیشنلز کو معیاری حفاظتی سامان کی فراہمی یقینی بنائیں۔

پاکستان میں بھی  کورونا وائرس تیزی سے پھیلنا شروع ہوگیا، پولیس اہلکار، وارڈن، ڈاکٹرز، نرسز،  قیدی، بچے بڑے سب اس مہلک وبا سے متاثر ہورہے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 698  افراد میں  کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 21ہزار 241 تک پہنچ گئی، اب تک  کورونا وائرس کے باعث 486افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں،  کورونا وائرس سے سب سے زیادہ لاہور شہر متاثر ہوا، جہاں گزشتہ 6 روز میں 1474 کیسز کا اضافہ ہوا۔