قذافی بٹ ،زین مدنی :رفتہ رفتہ لاک ڈائون میں نرمی کا امکان ہے،صنعتوں کے بعد دیگر چھوٹے ،بڑے کاروبار بھی کھولے جائیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان کے لاک ڈائون میں نرمی کے اشارے کے بعد مارکیٹیں کھولنے کے حوالے سے کام جاری ہے،مارکیٹیں کھولنے سے پہلے علاقوں کی سمارٹ سکریننگ کا فیصلہ کیا گیا ہے،زون وائز مارکیٹوں کے گردونواح کی کورونا سمارٹ سیکرننگ کروائی جائے گی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے مارکیٹیں کھولنے سے پہلے تیاریاں شروع کردی ہیں-سمارٹ سیکرننگ کا مقصد علاقے میں کورونا کیسز کا جائزہ لینا ہے، سمارٹ سکریننگ کے ذریعے اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ کن علاقوں مین کیسز کی تعداد کیا ہے- ذرائع کے مطابق کورونا کیسز والے علاقوں میں مارکیٹیں کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی- سمارٹ سکریننگ سبزی ، فروٹ منڈیوں اور ہر علاقے کے اشیائے خوردونوش کے سٹورز میں بھی کی جائے گی- مارکیٹیں کھولنے کے حوالے سے بنائے گئے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اس ایریا کو بند کردیا جائے گا-
تھیٹرز مالکان بھی درخواست لے آئے
ادھر شہر لاہور کے نجی تھیٹرز کے پرڈیوسرز نے وزیر اعلیٰ پنجاب ،چیف سیکرٹری پنجاب کو عید الفطر پر تھیٹرز کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ کھولنے کیلئے درخواست دے دی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈائون اور کورونا وائرس کے پیش نظر لاہور سمیت پنجاب بھر کے تھیٹرز دو ماہ سے بند پڑے ہیں۔تھیٹر زکی بندش سے متعدد جونیئر فنکار اور تکنیک کار بیروزگار ہونے کے ساتھ انتہائی کسمپرسی کی حالت میں ہیں ۔
پرڈیوسر زسخی سرور بٹ ،قیصر ثناء اللہ خان،اکبر بٹ ،چنگیز عوان اور علی جمشید نے عید الفطر پر تھیٹر ہالز کھولنے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب ،چیف سیکرٹری پنجاب اور ایڈیشنل سیکرٹری ہوم کو درخواست دی ہے ۔درخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ لاک ڈائون کی وجہ سے جونیئر فنکار ،تکنیک کار ،سکیورٹی گارڈز سمیت دیگر دہاڑی دار افراد بے روزگار ہیں ، ان کو کوئی امدادبھی نہیں دی گئی۔
یاد رہے پاکستان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے ، پولیس اہلکار، وارڈن، ڈاکٹرز، نرسز، قیدی، بچے ،بڑے سب اس مہلک وبا سے متاثر ہورہے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 698 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 20ہزار 884 تک پہنچ گئی، اب تک کورونا وائرس کے باعث 476 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں, کورونا وائرس سے سب سے زیادہ لاہور شہر متاثر ہوا، جہاں گزشتہ 5 روز میں 1124 کیسز کا اضافہ ہوا۔