عمر اسلم :ن لیگ نے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ کا استعفیٰ مانگ لیا۔
مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی کنول لیاقت ایڈوکیٹ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کےاستعفیٰ کےمطالبہ کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی گئی ہے، کہتی ہیں کہ رمضان المبارک اور لاک ڈائون میں عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہونے پر وزیراعلیٰ پنجاب استعفیٰ دیں۔
کنول لیاقت ایڈووکیٹ کاکہناتھاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں حکومت عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔روزمرہ زندگی کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے،ناجائز منافع خور اپنی من مانی قیمتیں وصول کرتے ہیں لیکن نام نہاد پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور گورنمنٹ کی رٹ کہیں نظر نہیں آتی ہے۔
انھوں نےکہاکہ یو ٹیلیٹی سٹور زبھی خریداروں کو کوئی ریلیف نہ دے سکے روزے کی حالت میں شہری سستی اور معیاری اشیائے خوردونوش کی تلاش میں خوار ہوتے نظر آتے ہیں جبکہ لاک ڈاؤن اور وباء کے باعث روزگار نہ ہونے اور مہنگائی کا جن کنٹرول نہ ہونے کے باعث معاشرے میں خودکشیوں کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔
قرارداد میں کہاگیاہےکہ عوام کی سخت پریشانی کے باعث پنجاب کا یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب فوری استعفیٰ دیں اور وفاقی حکومت سے مطالبہ ھے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے مستحکم اور جامعہ فوری پالیسی بنائی جائے۔
یاد رہے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ملک بھر میں لاک ڈائون ہے،اس لاک ڈائون کے دوران تعلیمی ادارے،ٹر انسپورٹ کا نظام،سرکاری دفاتر،ریلوے سسٹم،پروازیں بند ہیں۔
پاکستان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے ، پولیس اہلکار، وارڈن، ڈاکٹرز، نرسز، قیدی، بچے ،بڑے سب اس مہلک وبا سے متاثر ہورہے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 698 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 20ہزار 884 تک پہنچ گئی، اب تک کورونا وائرس کے باعث 476 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں, کورونا وائرس سے سب سے زیادہ لاہور شہر متاثر ہوا، جہاں گزشتہ 5 روز میں 1124 کیسز کا اضافہ ہوا۔