جیلانی پارک میں جشن بہاراں فیسٹیول شروع

جیلانی پارک میں جشن بہاراں فیسٹیول شروع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جیل روڈ (علی رضا) جیلانی پارک میں سجنے والے جشن بہاراں فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح، آتش بازی سے آسمان جگمگا اٹھا، گھڑ ڈانس اور پنجاب کے روایتی رقص نے سماں باندھ دیا، بچوں نے جھولے لیے، بگھی کی سواری کا لطف اٹھایا، نوجوانوں نے بھنگڑے ڈالے، کھانے پینے کی اشیاء اور ملبوسات کے سٹالز میں بھی شرکاء نے گہری دلچسپی لی۔ 

جشن بہاراں فیسٹیول اپنی تمام رعنائیوں کے ساتھ شہریوں کو خوش آمدید کہہ رہا ہے، دیہی ثقافت کی چھاپ لیے میلے کی سج دھج دیکھنے لائق ہے، آتش بازی کے شاندار مظاہرے سے فضا جگمگا اٹھی، میلے میں عوام کی تفریح کا ہر سامان موجود ہے، کھانے پینے کے سٹالز لگے ہیں جہاں چٹخارے دار کھانوں کے ساتھ ساگ اور مکئی کی روٹی کا سٹال بھی لگا ہے، بچے جھولوں کا لطف اٹھا رہے ہیں، نوجوانوں نے بھنگڑے ڈال کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے سیاحت آصف محمود کا کہنا ہے کہ اس بار سجنے والا میلہ لاہوریوں کے لیے تحفہ ہے، شہریوں نے بھی جشن بہاراں فیسٹول کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا ہے، پنجاب کی خوبصورت ثقافت کے رنگوں سے مزین یہ جشن بہاراں میلہ 22 مارچ تک جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ گلبرگ مین بلیوارڈ، لبرٹی گول چکر، مین مارکیٹ برقی قمقموں سے سج گئیں، چکا چوند روشنی نے شہریوں کو اپنے سحر میں مبتلا کر دیا، جشن بہاراں کا یہ انداز لاہوریوں کو بھی خوب بھا رہا ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer