( عثمان الیاس ) شہر لاہور میں تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سپیل ہفتے کے روز تک جاری رہے گا۔
شہر لاہور میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا اور سارا دن سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہنے کہ بعد شام شہر کے مختلف علاقوں گلبرگ، شاہدرہ ، اقبال ٹاؤن، راوی روڈ، گڑھی شاہو، کینال روڈ ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، مال روڈ، کوٹ لکھپت، ٹاؤن شپ سمیت ملحقہ علاقوں میں تیز بارشیں اور ژالہ باری شروع ہوگئی اور آسمان پر کالی گھٹاؤں نے اپنا ڈیرہ جمالیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع اور تیز ہواؤں کے باعث سردی میں اضافہ ہوگیا ہے، شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 اور کم از کم 13 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب نوے فیصد جبکہ ہوا اٹھارہ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مزید دو روز تک تیز طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے جبکہ اتوار کے روز تک بارشوں کا یہ سپیل ختم ہوگا۔