ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

جی بی الیکشن میں کارکن فارم45 کا بندوبست کریں،عوامی مینڈیٹ چوری نہ ہو،بلاول بھٹو

جی بی الیکشن میں کارکن فارم45 کا بندوبست کریں،عوامی مینڈیٹ چوری نہ ہو،بلاول بھٹو
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کا کہنا ہے کہ عوام کے ووٹ کا ہر قیمت پر تحفظ کرینگے ، کسی کو ناانصافی کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ فارم 45 کا بندوبست کریں تاکہ کسی کو عوامی مینڈیٹ چرانے کا موقع نہ ملے۔

گلگت کے شاہی پولو گراؤنڈ میں پیپلزپارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے  چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو  زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پورا ایک مہینہ گزارا ہے اور عوام کے مسائل کو قریب سے دیکھا ہے۔ گزشتہ انتخابات میں گلگت بلتستان کے عوام کے ووٹ چھینے گئے تھے، تاہم اس بار عوام کو اپنے ووٹ کے تحفظ کے لیے خود کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کارکنوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ فارم 45 کا بندوبست کریں تاکہ کسی کو عوامی مینڈیٹ چرانے کا موقع نہ ملے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کے ووٹ کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گی اور کسی کو عوام کے ساتھ ناانصافی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ قائد عوام نے ملک کو ایٹمی پروگرام کا تحفہ دیا جبکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی فراہم کی۔خطے کی موجودہ صورتحال سب کے سامنے ہے اور قومی سلامتی کے حوالے سے پیپلزپارٹی کی قیادت کے فیصلوں نے پاکستان کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ سی پیک سے بھی بڑا منصوبہ ہے اور صدر آصف علی زرداری نے اپنے دورِ حکومت میں اس منصوبے کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا، صدر زرداری نے ملک میں بیرونی فوجی اڈے بند کروائے اور قومی خودمختاری کو مضبوط بنایا۔

 گلگت بلتستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو  زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی تین نسلوں سے اس خطے کے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ان کے بقول صدر آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کو شناخت دی اور اسے انتظامی صوبے کا درجہ دیا، جبکہ خیبر پختونخوا کو بھی اس کا موجودہ نام دیا گیا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام نے حقیقی معاشی ترقی صرف پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں دیکھی، جبکہ دیگر حکومتوں نے ترقی کے مواقع صرف امیر طبقے تک محدود رکھے۔ بلاول بھٹو نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ 18ویں آئینی ترمیم کا تحفظ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ مل کر کیا جائے گا۔

 بلاول بھٹو نےخطاب کے اختتام پر  کہا اب نئی نسل کی باری ہے کہ وہ اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک اور عوام کی خدمت کے مشن کو آگے بڑھائے،  جلسے میں خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری  بھی موجود تھیں جبکہ بلاول بھٹو زرداری کی آمد پر کارکنوں نے بھرپور استقبال کیا۔