ویب ڈیسک: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے شدید بارشوں، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے خطرات سے خبردار کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر شدید ژالہ باری بھی متوقع ہے جس سے کمزور عمارتوں، گاڑیوں، فصلوں اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
پنجاب میں راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، گجرات، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، ڈی جی خان، قصور، اوکاڑہ، حافظ آباد، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان سمیت مختلف اضلاع بارشوں کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔
اسی طرح خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات، کالام، مالاکنڈ، مردان، نوشہرہ، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت کئی علاقوں میں موسلادھار بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان کے اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامیر، استور، شگر اور گھانچے جبکہ آزاد کشمیر کے مظفرآباد، وادی نیلم، باغ، کوٹلی، پونچھ اور بھمبر میں بھی شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش جیسے خطرات بھی موجود ہیں۔ ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر، چترال، کالام اور اپر کوہستان کو حساس ترین علاقوں میں شامل کیا گیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق قراقرم ہائی وے، ناران روڈ، جگلوٹ-اسکردو روڈ سمیت کئی اہم شاہراہیں متاثر ہو سکتی ہیں، جبکہ بعض سیاحتی اور پہاڑی علاقوں میں سفری سرگرمیاں معطل ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ رات پنجاب کے مختلف علاقوں میں آنے والی شدید آندھی اور طوفانی ہواؤں نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔ بہاولپور میں دیوار گرنے کے واقعے میں 15 سالہ بچی جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ مختلف مقامات پر چھتیں، درخت اور سولر پینلز گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے، جبکہ آگ لگنے کے ایک واقعے پر ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد قابو پایا۔