سٹی42:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جدوجہد دراصل انسانیت کے تحفظ کی جدوجہد ہے اور اس کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بار بار آنے والے سیلاب، خشک سالی، شدید گرمی کی لہریں اور پانی کی قلت اس بات کی واضح یاد دہانی ہیں کہ موسمیاتی تبدیلی اب مستقبل کا نہیں بلکہ آج کا سنگین مسئلہ ہے جو لاکھوں افراد کی زندگیوں کو متاثر کر رہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کا عالمی کاربن اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، اس کے باوجود ملک موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، جو ایک واضح ناانصافی ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ کلائمیٹ جسٹس کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ ممالک جو اس بحران کے ذمہ دار نہیں، انہیں اس کے بدترین اثرات کا بوجھ نہ اٹھانا پڑے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ لاکھوں افراد ترقی یافتہ ممالک کے کاربن اخراج کے باعث اپنی جانوں، روزگار اور مستقبل کی قیمت ادا کر رہے ہیں، جو ایک سنگین عالمی مسئلہ ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا وژن سماجی انصاف، پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان گہرے تعلق کو اجاگر کرتا تھا۔