فاران یامین:شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے لیے لاہور میں بغیر لائسنس، فٹنس سرٹیفکیٹ اور مناسب لائٹس کے کمرشل گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ آج سے صرف وہی کمرشل گاڑیاں شہر میں داخل ہو سکیں گی جن کے ڈرائیورز کے پاس مؤثر اور درست ڈرائیونگ لائسنس موجود ہوگا۔
سی ٹی او لاہور نے واضح کیا ہے کہ بغیر فرنٹ اور بیک لائٹس، ہائی بیم کے غلط استعمال اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی کمرشل گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کے مطابق ریت، مٹی یا دیگر سامان لے جانے والی لوڈر ٹریکٹر ٹرالیوں کو ترپال کے بغیر سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس سلسلے میں شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر جنرل ہولڈ اپ اور خصوصی چیکنگ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ ایس پیز اور ڈی ایس پیز خود کریک ڈاؤن کی نگرانی کریں گے تاکہ ٹریفک قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے۔ تمام کمرشل ڈرائیورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ڈرائیونگ لائسنس، فٹنس سرٹیفکیٹس اور دیگر ضروری دستاویزات ہمراہ رکھیں تاکہ چیکنگ کے دوران کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔