ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

غیر ملکی خواتین کی بازیابی، ڈی آئی جی نےسوشل میڈیا پر گردش کرنیوالے دعوؤں کو مسترد کردیا

غیر ملکی خواتین کی بازیابی، ڈی آئی جی نےسوشل میڈیا پر گردش کرنیوالے دعوؤں کو مسترد کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42لاہور میں دو غیرملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور زیادتی کیس پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خواتین کو پنجاب پولیس نے کامیاب کارروائی کے ذریعے بازیاب کرایا، جبکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے بعض دعوے حقائق کے برعکس ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق دونوں غیرملکی خواتین 29 جون کو لاہور پہنچیں، جن کے اغوا کی اطلاع موصول ہوتے ہی معاملہ سی سی پی او لاہور سمیت پولیس کے اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لایا گیا اور فوری کارروائی شروع کی گئی۔

فیصل کامران نے بتایا کہ سیف سٹی کیمروں، جدید ٹیکنالوجی اور گاڑی کی لوکیشن کی مدد سے ملزمان کی نقل و حرکت کا مکمل ریکارڈ حاصل کیا گیا۔ تفتیش کے دوران سرگودھا میں بھی چھاپہ مارا گیا اور گاڑی کی لوکیشن ٹریس کرتے ہوئے مرکزی ملزم رضا ڈار تک رسائی حاصل کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ 2 جولائی کو چار ملزمان کو گرفتار کرکے دونوں غیرملکی خواتین کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا۔ متاثرہ خواتین کے باقاعدہ بیانات موجود ہیں، جن میں انہوں نے تصدیق کی ہے کہ پنجاب پولیس نے انہیں بازیاب کرایا۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس کو واقعے کی اطلاع ایک غیرملکی خاتون کے والد نے دی تھی۔ میڈیکل معائنہ اور بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد دونوں خواتین کو قانونی کارروائی مکمل ہونے پر بیرون ملک روانہ کر دیا گیا۔

فیصل کامران نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خود فون کرکے ہدایت کی کہ کیس میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے اور جرم میں ملوث ہر شخص کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کرکے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جا چکا ہے، جبکہ کیس کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے۔