رائو دلشاد: نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے رجحان کے خلاف شعور بیدار کرنے کے لیے "رائیڈ فار اے کاز" کے عنوان سے سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ریلی میں نوجوانوں، کھیلوں سے وابستہ افراد اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کے عزم کا اظہار کیا۔
سائیکل ریلی کا آغاز لبرٹی چوک سے ہوا اور شرکاء نیو اوریگا، صدیق ٹریڈ سنٹر، کنیرڈ کالج اور جی او آر سے ہوتے ہوئے باغِ جناح پہنچے، جہاں ریلی اختتام پذیر ہوئی۔
تقریب میں چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسے ناسور سے بچانے کے لیے کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کا فروغ ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مثبت سرگرمیاں نوجوانوں کو منفی رجحانات سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انسدادِ منشیات مہم کے کنسلٹنٹ سید ذوالفقار حسین نے شرکاء کو مہم کی پیش رفت، مقاصد اور مستقبل کے اہداف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو منشیات کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی تاکہ نوجوانوں کو محفوظ مستقبل فراہم کیا جا سکے۔
ریلی کے اختتام پر نمایاں خدمات انجام دینے والے شرکاء میں شیلڈز تقسیم کی گئیں اور ان کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ اس موقع پر طیب شہزاد، زوہیب احمد، نبیل اعوان، ولید، مدثر، الیاس خان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود تھیں۔