ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

غیر قانونی تعمیرات پر شکنجہ، بلدیہ عظمیٰ لاہور کی تاریخی مالی کامیابی

بلدیہ عظمیٰ نے پہلی بار 40 کروڑ روپے سے زائد نقشہ فیس وصول کر لی

غیر قانونی تعمیرات پر شکنجہ، بلدیہ عظمیٰ لاہور کی تاریخی مالی کامیابی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

طاہر جمیل: بلدیہ عظمیٰ لاہور کی جانب سے غیر قانونی اور بغیر نقشہ تعمیرات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔ کارروائیوں اور مؤثر نگرانی کے باعث نقشہ فیس کی مد میں پہلی مرتبہ 40 کروڑ روپے سے زائد کی ریکارڈ ریکوری حاصل کر لی گئی۔

بلدیہ عظمیٰ کے مطابق مالی سال کے اختتام پر 40 کروڑ 9 لاکھ 77 ہزار روپے کی ریکوری مکمل کی گئی، جبکہ شعبہ پلاننگ کو رواں مالی سال کے لیے 40 کروڑ روپے کا ہدف دیا گیا تھا۔ ادارے نے مقررہ ہدف سے بھی زیادہ ریکوری کرتے ہوئے 100 فیصد سے زائد کامیابی حاصل کی۔

زونز کی کارکردگی کے مطابق علامہ اقبال زون 127 فیصد ریکوری کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ داتا گنج بخش زون 105 فیصد ریکوری کے ساتھ دوسرے نمبر پر آیا۔ راوی زون نے 69 فیصد اور سمن آباد زون نے 51 فیصد ریکوری کی، جبکہ مجموعی طور پر تمام زونز نے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

بلدیہ عظمیٰ کے حکام کے مطابق غیر قانونی اور بغیر منظور شدہ نقشے کے تعمیرات کے خلاف سخت کارروائیوں کے باعث نہ صرف تعمیراتی قوانین پر عملدرآمد میں بہتری آئی بلکہ ادارے کی آمدن میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا۔

ایم او پلاننگ ڈاکٹر رائے امتیاز کی نگرانی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، جبکہ ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز کی ہدایات پر پلاننگ ونگ نے مؤثر آپریشنز کے ذریعے مالی اہداف حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ بھی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تعمیرات سے قبل متعلقہ ادارے سے منظور شدہ نقشہ حاصل کریں تاکہ قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔