مریم مظہر:ٹاؤن شپ میں منہاج القرآن کے زیرِ اہتمام حضرت امام حسینؑ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماء کرام، مشائخ عظام، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ہے۔ کانفرنس میں واقعۂ کربلا کے پیغام، حضرت امام حسینؑ کی سیرت و کردار اور ان کی عظیم قربانی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔
کانفرنس سے پروفیسر سید افتخار حسین نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کی حیاتِ مبارکہ امت مسلمہ کے لیے صبر، استقامت، حق گوئی اور قربانی کا روشن نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعۂ کربلا رہتی دنیا تک حق و باطل کے درمیان فرق واضح کرتا رہے گا۔
تقریب میں سید اختیار علی، شاہ محمد داؤد، محمد سرفراز خان، ذوالقرنین خان، حافظ غلام فرید، لیاقت احمد قادری، محمد ساجد قادری، محمد ظفر اقبال، رضوان سلطانی، مدثر علی، واحد قادری، محمد حنیف، قاری ممتاز احمد، قاری محمد رفیق اور محمد علی قادری سمیت مختلف مذہبی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ حضرت امام حسینؑ نے دینِ اسلام کی سربلندی، حق و انصاف اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کی ایسی مثال قائم کی جو قیامت تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ واقعۂ کربلا ہمیں صبر، ایثار، اتحاد اور حق پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے۔
کانفرنس کے اختتام پر شرکاء میں شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مختلف کتب مفت تقسیم کی گئیں، جبکہ حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کے درجات کی بلندی، امتِ مسلمہ کے اتحاد، امن و سلامتی اور ملک کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔