سٹی 42 : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورۂ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کیلئے بابر اعظم کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا۔
سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید نے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا۔ اسد شفیق اور سابق کپتان مصباح الحق بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ میں اور اسد شفیق سیلکشن کمیٹی میں 18 ماہ سے ہیں، مصباح الحق اور سرفراز احمد کو شامل ہوئے 6 ماہ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 3 فارمیٹ ہیں اور آپ کو دیکھنا ہوتا ہے کہ کس فارمیٹ میں آپ کی پرفارمنس کیا ہے۔
پاکستان کی 16 رکنی اسکواڈ میں بابر اعظم کپتان، شان مسعود، امام الحق، اذان اویس ، عبداللّٰہ فضل، سلمان علی آغا، غازی غوری اور محمد رضوان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ساجد خان، علی عثمان، عامر جمال، محمد علی، محمد عباس، عبید شاہ، اویس ظفر اور خرم شہزاد بھی شامل ہیں ۔ مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل فٹنس مسائل کی وجہ سے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں ۔
خیال رہے کہ پاکستان ٹیم دورے کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچز سے کرے گی، قومی ٹیم 18 جولائی کو ٹراوبا میں وارم میچ کھیلے گی ۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ 25 سے 29 جولائی تک ٹراوبا میں کھیلا جائے گا۔