وقاص احمد: گلبرگ پولیس نے اغواء کے مقدمے میں مطلوب 17 سالہ ذہنی معذور مغوی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں مغوی کو قلعہ گجر سنگھ کے علاقے سے ٹریس کر لیا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق 17 سالہ نوید الحفیظ سنٹر گلبرگ سے لاپتا ہوگیا تھا، جس پر اغواء کا مقدمہ درج کرکے فوری تلاش کا عمل شروع کیا گیا۔
دورانِ تفتیش معلوم ہوا کہ ایک نامعلوم شخص نوید کو قلعہ گجر سنگھ کے علاقے میں چھوڑ کر چلا گیا۔
پولیس نے اطلاع ملتے ہی کارروائی کرتے ہوئے مغوی کو اپنی تحویل میں لیا اور تمام قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اسے بحفاظت اس کے چچا کے سپرد کر دیا۔
اہل خانہ نے مغوی کی جلد بازیابی پر گلبرگ پولیس کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے مزید پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ ذمہ دار عناصر کا سراغ لگا کر قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
دوسری جانب چند روز قبل سرگودھا سے اغوا ہونے والا ایک سال کا بچہ اسلام آباد سے مل گیا تھا۔
اسلام آباد کے تھانہ انڈسٹریل ایریا کی پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کی اور ایک چے کو فیض آباد سے بازیاب کروایا۔
معلوم ہوا تھا کہ سرگودھا سے اغوا کیا گیا ایک سال عمر کا بچہ اس وقت راولپنڈی اور اسلام آباد کے سنگم پر واقع فیض آباد کے علاقہ میں موجود تھا۔ پولیس نے فوری کارروائی کر کے بچے کو بازیاب کر کے تحویل میں لے لیا۔
اسلام آباد پولیس نے کمسن بچے کو اس کے گھر تک پہنچانے کے لئے پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔
بچے کی بازیابی کے لئے آپریشن ایس پی انڈسٹریل ایریا پری گل ترین کی زیر نگرانی خصوصی ٹیم نے مکمل کیا۔ ایس پی پری گل نے بچے کی بازیابی کے بعد اسے گود میں لے کر بہلاتی رہیں۔