ٹرین حادثات کی روک تھام کیلئے ریلوے حکام بڑا اقدام

ٹرین حادثات کی روک تھام کیلئے ریلوے حکام بڑا اقدام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سعید احمد سعید ) ریلوے پھاٹکوں پر ٹرین حادثات میں اضافہ، ریلوے حکام نے لیول کراسنگ پر آٹو میٹک وارننگ سسٹم لگانے کا اصولی فیصلہ کرلیا، چیف انجینئر ریلوے افتخار علی کی جانب سے ملک کی آٹھوں ڈویژنوں کو مراسلہ جاری کردیا گیا۔

ریلوے پھاٹکوں پر ٹرین حادثات میں اضافے سے ریلوے حکام نے لیول کراسنگ پر آٹو میٹک وارننگ سسٹم لگانے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ ملک کے آٹھوں ڈویژنل دفاتر سے لیول کراسنگ کی تعداد سمیت سروے رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔ چیف انجینئر ریلوے افتخار علی کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق چیئرمین ریلوے کی ہیڈ کوارٹر میں ہونیوالی میٹنگ میں ان مینڈ لیول کراسنگ کے سروے کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ بھی کیا گیا تھا کہ کسی بھی حادثے کی صورت میں متعلقہ روٹ کا اسسٹنٹ انجینئر اور ڈی ایس پی ذمہ دار ہو گا۔ لاہور، ملتان سمیت ملک کے آٹھوں ریلوے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ جلد از جلد سروے رپورٹ مکمل کرواکرسی ای او ریلوے ہیڈ کوارٹرزکو بھجوائیں۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل کراچی سے لاہور آنے والی شاہ حسین ایکسپریس فاروق آباد کے قریب مسافر کوسٹر کے ساتھ ٹکرا گئی تھی، کوسٹر میں 25 سکھ یاتری سوار تھے، جن میں سے 19 سکھ یاتری موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ چھے سکھ یاتری شدید زخمی ہوئے، جن کو سرکاری ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

 ترجمان ریلوے کے مطابق شاہ حسین ایکسپریس شیخوپورہ کے قریب فاروق آباد جاتری روڈ ان مینڈ لیول کراسنگ پر حادثہ پیش آیا۔ جائے وقوعہ سے چند میٹر کے فاصلے پر مینڈ پھاٹک موجود تھا جو کہ ٹرین کے گزرنے کے لیے بند تھا، مگر کوسٹر ڈرائیور کی جانب سے ٹرین کے گزرنے کا انتظار کیے بغیر بند پھاٹک سے تھوڑا دور ان مینڈ لیول کراسنگ سے گزرنے کی کوشش کی گئی جس دوران یہ حادثہ پیش آیا، حادثے کے فوری بعد چیئرمین کی ہدایت پر ڈویڑنل انجینئر فرحت عباس کو معطل کر دیا گیا ہے۔