(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب انعام غنی، چیف سیکرٹری کو صوبے بھر میں آپریشن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیا معاشرے کا ناسور بن چکا ہے، قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں کی رپورٹ ہر ہفتے پیش کریں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے میں پیشرفت پر بریفنگ دی گئی، آئی جی پنجاب نے غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں پر بریفنگ دی۔ عمران خان کو غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف کارروائیوں کی رپورٹ پیش کی گئی۔
وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ 2016 اور 2017 میں مختلف ڈویلپمنٹ اتھارٹیز نے ریفرنس بھیجے، ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کی درخواست کے باوجود ایف آئی آر کا اندراج نہیں ہوا تھا۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ 906 ریفرنسز، ایف آئی آر کی درخواستوں پر عملدرآمد ہوا تھا، 895 ایف آئی آر فوری طور پر درج کرلی گئی ہیں، ایک کیس پر سٹے آرڈر ہے، باقی درخواستیں واپس لی جاچکی ہیں۔
وزیراعظم نے آئی جی پنجاب، چیف سیکرٹری کو صوبے بھر میں آپریشن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں پر قبضہ فوری ختم کرائیں، ساری زندگی کی جمع پونجی پاکستان لانے والوں کی داد رسی کی جائے۔