(علی رامے) فنڈز کی قلت کے باعث ہسپتالوں کی بحالی کے لیے آئی ڈیپ اتھارٹی نے کام بند کردیا اورشہر میں ٹی ایچ کیو اور ڈی ایچ کیو کی بحالی بھی رُک گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں مالی بحران کے باعث ہسپتالوں کی بحالی بھی متاثر ہونے لگی، سیکرٹری صحت پنجاب محمد خان رانجھا نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو خط لکھا ہے کہ ہسپتالوں کی بحالی کے لیے انہیں ڈیڑھ ارب روپے کی اضافی رقم جلد از جلد جاری کی جائے۔
شہریوں نے بھی حکومت سے اپیل کی ہے کہ میاں منشی ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں کی حالت زار بہتر کرنے کے لیے فنڈز جاری کئے جائیں۔
جولائی دوہزار سترہ میں ٹی ایچ کیو اور ڈی ایچ کیو کی بحالی کا منصوبہ بنایا گیا تھا جس پر دس ارب روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا۔ لیکن رواں ماہ بجٹ اخراجات کی نسبت کم جاری ہونے کے باعث آئی ڈیپ اتھارٹی نے کام بند کردیا ہے۔