ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

آر-4 گروپ کا فلسطینی ریاست کی حمایت کا اعادہ، مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے سفارتکاری پر زور

آر-4 گروپ کا فلسطینی ریاست کی حمایت کا اعادہ، مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے سفارتکاری پر زور
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: اردن کے دارالحکومت عمان میں آر-4 گروپ کے وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔

 اجلاس میں فلسطینی عوام کے حقوق، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور علاقائی استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں چاروں ممالک نے فلسطینی عوام کے جائز اور ناقابلِ تنسیخ حقوق اور ان کے حقِ خودارادیت کی مکمل اور غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

اجلاس میں 4 جون 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ کیا گیا، جبکہ مشرقی یروشلم کو اس ریاست کا دارالحکومت قرار دینے کے مؤقف کی بھی توثیق کی گئی۔

وزرائے خارجہ نے زور دیا کہ فلسطین تنازع کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، کیونکہ ایک منصفانہ، جامع اور دیرپا حل ہی مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔

اجلاس کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور چاروں ممالک نے علاقائی استحکام کے لیے مسلسل مشاورت، قریبی رابطوں اور باہمی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آر-4 گروپ کے وزرائے خارجہ نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مذاکرات اور سفارتکاری ہی خطے میں استحکام کے فروغ اور کشیدگی میں اضافے کو روکنے کا مؤثر اور پائیدار ذریعہ ہیں۔