عابد چودھری:ڈولفن پولیس کے موبائلز اسکواڈ نے کارروائی کرتے ہوئے سادہ لوح شہریوں کی جمع پونجی لوٹنے کے الزام میں 16 بین الاضلاعی فراڈیوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈولفن پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان لاہور، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، فیصل آباد، بہاولپور، نارووال اور سیالکوٹ پولیس کو مطلوب تھے۔ ملزمان کو مختلف ناکہ جات پر دورانِ چیکنگ مشکوک جانتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کا ریکارڈ ای پولیس ایپ پر چیک کیا گیا، جس کے بعد انکشاف ہوا کہ وہ مالیاتی جرائم سے متعلق مقدمات میں اشتہاری تھے۔
ترجمان ڈولفن پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف اضلاع میں مقدمات درج ہیں اور وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش تھے۔
گرفتار افراد میں اکبر، ناصر، مدثر، احمد، ثمر، ظفر سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں، جنہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور جرائم کے طریقہ کار سے متعلق معلومات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔