سٹی42: ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے جبکہ بالائی پنجاب،خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد ،خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس دوران میں چند مقامات پر تیز موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
لاہور کا موسم آج جزوی طور پر ابر آلود ہے جبکہ گرمی میں واضح اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، خاص طور پر شام کے اوقات میں بادل برس سکتے ہیں۔
شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہےجبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔شہر میں اس وقت 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد تک پہنچ چکا ہے،جو موسم کو مزید گرم اور مرطوب بنا رہا ہے۔
پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے 7 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
شہرِ قائد میں بادلوں کا راج برقرار ، موسم اس وقت مکمل طور پر ابر آلود اور مرطوب ہے اور شہریوں کو گرمی کے ساتھ ساتھ نمی کا بھی سامنا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں ہلکی بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،کم سے کم درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
جنوب مغرب کی سمت سے 24 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جو موسم کو مزید مرطوب بنا رہا ہے۔شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور بوندا باندی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے، بالائی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔ اس دوران چند مقامات پر تیز موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، راولپنڈی، مری، گلیات، گجرات،گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، جہلم، اٹک، چکوال، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، خوشاب، میانوالی، بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان میں بارش کا امکان ہے۔
پشاور، چترال، دیر، سوات، بونیر، شانگلہ،کوہستان، پشاور، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کرم، نوشہرہ، مالاکنڈ، صوابی، مردان، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی،کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت اور ٹانک میں بارش ہونے کی توقع ہے۔
ژوب، بارکھان، خضدار اور مو سیٰ خیل میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس رہنے کا امکان جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔