فاران یامین: آن لائن ٹیکسی سروس سے وابستہ ڈرائیور کی جانب سے خاتون کو ہراساں کرنے اور تشدد کا نشانہ بنانے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی مدعیت میں ملزم رضوان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈرائیور نے دورانِ سفر اسے ہراساں کیا اور بعد ازاں راستے میں اتار کر تھپڑ مارا، جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہوگیا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس پی کینٹ کو ملزم کی فوری گرفتاری کا ٹاسک سونپا۔ ایس پی کینٹ کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے ملزم تک رسائی حاصل کی۔
ایس ایچ او سرور روڈ رانا محمد عرفان نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک گھنٹے کے اندر گاڑی کو ٹریس کر کے ملزم رضوان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔