ٹی ایم ایز کی جائیدادوں پر غیر قانونی طور پر قابض لوگوں کیخلاف کارروائی کی جائے، علی امین گنڈا پور

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عامر شہزاد : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ ٹی ایم ایز کی جائیدادوں پر غیر قانونی طور پر قابض لوگوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا تیسرا اجلاس ہوا، جس میں کابینہ اراکین کے علاوہ چیف سیکرٹری اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں کابینہ نے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریش کو تنخواہوں اور پینشنز کی مد میں سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی۔ 

 علی امین گنڈاپور  کا کہنا تھا کہ ٹی ایم ایز کو مالی طور پر خود کفیل بنانے کے لئے 15 دنوں میں قابل عمل پلان ترتیب دیا جائے، آمدن میں اضافے کے لئےٹی ایم ایز کی جائیدادوں کا بہتر استعمال یقینی بنایا جائے، اس مقصد کے لئے ایسٹ منیجمنٹ کمیپنی کا قیام عمل میں لایا جائے۔ ٹی ایم ایز کی جائیدادوں کی موجودہ لیز پالیسی سمیت قوانین میں ضروری ترامیم کئے جائیں۔

 وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ٹی ایم ایز کی جائیدادوں پر غیر قانونی طور پر قابض لوگوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، ان جائیدادوں کے کرایوں میں موجودہ مارکیٹ ریٹس کے مطابق اضافہ کیا جائے، ان جائیدادوں سے متعلق عدالتی مقدمات کو موثر انداز میں لڑنے کے لئے لیگل ٹیموں کو مستحکم کیا جائے۔ صوبے کے تمام اضلاع میں منڈیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ 

 صوبائی کابینہ نے سپنکئی کیڈٹ کالج کو سپلیمنٹری گرانٹ کی فراہمی کی اصولی منظوری دے دی۔  علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کیڈٹ کالج سپنکئی اور وانا میں زیر تعلیم شہداء کے بچوں کو خصوصی سکالرشپ دینے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ 

کابینہ نے رواں مہینے کے کرنٹ اخراجات کی انتظامی منظوری بھی دیدی۔