’’گھروں میں فاقے،کسی کو حکومت سے ایک روپیہ نہیں ملا‘‘

’’گھروں میں فاقے،کسی کو حکومت سے ایک روپیہ نہیں ملا‘‘
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 :امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا،کہتے ہیں کہ حکومت روزانہ امدادکا اعلان کرتی ہے مگر  ابھی تک کسی کو  ایک روپیہ نہیں ملا۔ حکومت فوری طور پر بجلی و گیس کے بلوں کی معافی کا اعلان کرے اور یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے خورد ونوش کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔


انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے، حکومت روزانہ امدادکا اعلان کرتی ہے  مگر ابھی تک کسی کو ایک روپیہ نہیں ملا۔حکومت ٹائیگرز کے لیے خطیر رقم خرچ کر کے چار لاکھ شرٹس بنوا ر ہی ہے جب کہ یہی رقم ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حفاظت کے لیے خرچ کی جا سکتی تھی۔اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈاکٹرز کے مشورے سے ایک نیا کوڈ آف کنڈکٹ بنایا جائے۔

واضح رہے کہ کورونا  وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے تمام صوبوں ،گلگت بلتستان،آزاد کشمیر نے  لاک ڈائون کررکھا ہے،پنجاب حکومت نے  لاک ڈائون کے دوران دفعہ 144 نافذ کررکھا ہے،دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود حکومت شہریوں کو گھروں تک محدود رکھنے میں ناکام ہوگئی ہے،سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں ہے تو گلیوں ،چوراہوں پر نوجوانوں کے جمگھٹے نظر آتے ہیں،انتظامیہ عوام کو ریلیف دینے میں بھی بری طرف فلاپ ہوچکی ہے۔پنجاب بھر میں مزدور طبقہ بے بسی کی تصویر بنا ہوا ہے۔

خیال رہے وزیر اعظم عمران خان نے لاہور میں کورونا ریلیف فنڈ اور کورونا ٹائیگر فورس کی تقریبات میں شرکت کی ، وزیر ا عظم نے  خطاب کے دوران کہا تھا کہ  پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے منتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے کہا ہے کہ  آپ کی خوش قسمتی ہے کہ آپ حکومت میں ہیں، حکومت کی ریلیف کی ساری کوششیں آپ کے ذریعے ہوں گی اور وہ سب آپ کے کھاتے میں جائیں گی۔


  یاد رہے کورونا وائرس سےپاکستان میں ہلاکتوں اور متاثرہ افراد کی تعداد تیزی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے، کورونا وائرس اب تک  پاکستان میں 42 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے.  پاکستان میں آج کورونا وائرس سے مزید 2 اموات ہوئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 42 تک جاپہنچی ہے جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 2776 ہوگئی ہے,ہفتے کو خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی ہے، دونوں افراد کا تعلق پشاور سے تھا۔ 

Azhar Thiraj

Senior Content Writer