طاہر جمیل:مون سون بارشوں کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ لاہور نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کی ہدایت پر واسا، ریسکیو اور دیگر امدادی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران برقی آلات، بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے محفوظ فاصلہ رکھیں جبکہ زیر تعمیر سائٹس پر فوری حفاظتی اقدامات مکمل کیے جائیں.
ڈی سی لاہور نے واسا کو شہر کے نکاسی آب کے نظام کو سو فیصد فعال رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی بروقت نکاسی کے لیے ہیوی مشینری تعینات کر دی گئی ہے اور تمام حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران انڈر پاسز، نشیبی علاقوں اور زیر آب سڑکوں پر غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں .