طاہر جمیل:لاہور کے حسن کو برقرار رکھنے اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے ستھرا پنجاب لاہور کی صفائی ٹیموں نے اندرون شہر سمیت راوی ٹاؤن میں صفائی آپریشن مزید تیز کردیا ہے۔
لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں تینوں شفٹوں کے دوران صفائی کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان کے مطابق صفائی آپریشن کیلئے 254 آپریشنل گاڑیاں اور 1900 سے زائد صفائی اہلکار فیلڈ میں موجود ہیں، جبکہ افسران بھی تینوں شفٹوں میں متحرک رہتے ہوئے صفائی آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اکبری گیٹ، موچی گیٹ، دہلی گیٹ، ذکی گیٹ، شیرانوالہ گیٹ، کشمیری گیٹ، مستی گیٹ اور روشنائی گیٹ پر صفائی عملہ تعینات ہے۔ لطیف چوک، بیگم کوٹ، شمع کالونی اور کامران بارہ دری میں مینوئل سویپنگ کا عمل بھی جاری ہے۔
شہریار عارف خان کے مطابق مقبرہ جہانگیر میں ویسٹ کلیئرنس اور مینوئل سویپنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے، جبکہ بھاٹی گیٹ، موری گیٹ، فورٹ روڈ، لوہاری گیٹ اور ملحقہ علاقوں میں بھی سویپنگ عملہ صفائی میں مصروف ہے۔
شاہ عالم مارکیٹ میں مینوئل سویپنگ اور سکریپنگ کیلئے بھی عملہ مامور ہے۔ اس کے علاوہ بھٹو کالونی، بس اسٹاپ شاہدرہ ٹاؤن، حاجی کوٹ اور کالا خطائی روڈ میں صفائی کے انتظامات کیلئے خصوصی ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔