رانا آزر:صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر کی زیرِ صدارت پنجاب سپورٹس بورڈ کے ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں نوجوانوں کو کھیلوں سے متعلق پالیسی سازی اور فیصلہ سازی میں براہِ راست شامل کرنے سمیت متعدد اہم اقدامات پر غور کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی سپورٹس محمد طارق قریشی سمیت محکمہ کھیل کے افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ نوجوان اب کھیلوں کی پالیسی سازی اور فیصلہ سازی میں براہِ راست کردار ادا کریں گے، جبکہ ان کی تجاویز کو پالیسی سازی اور مستقبل کی منصوبہ بندی کا حصہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایڈوائزری بورڈ کے تمام ارکان کو فیصلہ سازی میں مکمل اختیار حاصل ہوگا اور انہیں محکمہ کھیل کی متعلقہ کمیٹیوں میں بھی شامل کیا جائے گا۔
فیصل ایوب کھوکھر نے بتایا کہ پنجاب سپورٹس بورڈ کا ایڈوائزری بورڈ ایک سال کی مدت کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ کالجز اور یونیورسٹیوں میں سپورٹس کوٹہ پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا، جبکہ نجی یونیورسٹیوں میں بھی سپورٹس کوٹہ سسٹم پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں طالبعلموں اور کھلاڑیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے شکایت سیل قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو درپیش مسائل کے حل اور ان کی حوصلہ افزائی کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر کھیل نے مزید بتایا کہ ستمبر سے نومبر تک یوتھ گیمز کے انعقاد کے ذریعے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ سپورٹس سٹی کے قیام کی جانب بھی پیش رفت کی جارہی ہے، جہاں ایک ہی چھت تلے کھیلوں کی تمام جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔