سٹی 42 : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک کی بدولت پاکستان نے 3 سال میں بجلی بحران پر قابو پایا، صدر شی جن پنگ نے 2015 میں اسلام آباد میں سی پیک کی بنیادرکھی، چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف نے دوسری پاکستان چین بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت باعث افتخار ہے، اپنی زندگی کی سب سے بڑی کانفرنس میں شریک ہوں، اقتصادی ترقی کا لانگ مارچ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان 4.2 ارب ڈالر کے معاہدے بھی ہوئے، زراعت ، الیکٹرک وہیکلز کے شعبے میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے گئے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ خوش آئند ہے،معاہدوں سے دونوں ملکوں میں تعاون کو فروغ ملے گا ،پیٹروکیمیکل،آئرن اور سولرانرجی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا،بزنس ٹو بزنس کانفرنس مضبوط دوستی کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کی بدولت پاکستان نے 3 سال میں بجلی بحران پر قابو پایا،سی پیک کی بدولت زراعت اور صنعت بحال ہوئی،چین کے تعاون سے سی پیک کے علاوہ اورنج لائن اور ڈیموں کی تعمیر ہوئی،چین نے سی پیک کے تحت 35ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی،چین کے مثالی تعاون سے پاکستان معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے،چینی شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں کی سیکورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے،چین پاکستان کا دوسرا گھر ہے،چین کے سرمایہ کاروں کیلئے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔