وسیم احمد: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا سہ ماہی اجلاس آج سے دبئی میں شروع ہو گیا، جو 7 نومبر تک جاری رہے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی سی بی کے سی او او سمیر احمد سید شرکت کریں گے، جبکہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی آن لائن شرکت کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی اجلاس میں پاکستان کے مفادات کا بھرپور دفاع کریں گے اور کسی بھی معاملے پر “میدان خالی نہ چھوڑنے” کا عندیہ دے چکے ہیں۔
بی سی سی آئی اجلاس میں ایشیا کپ ٹرافی سے متعلق معاملہ اٹھا سکتا ہے۔
اجلاس کے دوران پی سی بی حکام کی دیگر کرکٹ بورڈز کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جنوری میں ٹی 20 سیریز کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔
یہ سیریز آئندہ سال کے آغاز میں سری لنکا میں منعقد ہونے کا امکان ہے، جس کا مقصد قومی ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل غیر ملکی کنڈیشنز سے ہم آہنگ کرنا ہے۔