ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

فضائی آلودگی کا وبال، لاہور دنیا کے آلودہ شہروں میں پھر سرفہرست

فضائی آلودگی کا وبال، لاہور دنیا کے آلودہ شہروں میں پھر سرفہرست
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: پنجاب بدستور شدید سموگ کی زد میں ہے جبکہ لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے،  شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) خطرناک حدوں کو چھوتے ہوئے 379 تک پہنچ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے لوئر مال میں آلودگی کی شرح انتہائی تشویشناک رہی جہاں اے کیو آئی 743 ریکارڈ کیا گیا ہے، سی ای آر پی گلبرگ میں 603، ایف ایف پاکستان کے اطراف 531، ڈائمنڈ پینٹ انڈسٹری کے قریب 513، یونیورسٹی آف لاہور (رائیونڈ روڈ) پر 511، علامہ اقبال ٹاؤن میں 489 جبکہ ویلنشاء ٹاؤن اور اطراف میں 455 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی صورتحال تشویشناک ہے ۔ گوجرانوالہ میں اے کیو آئی 280، فیصل آباد 251، ملتان 210، سیالکوٹ 184 اور پشاور میں 196 ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب حکومت اور محکمہ ماحولیات نے سموگ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔ کارروائیوں کے دوران متعدد فیکٹریاں سیل اور آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹس منہدم کر دیے گئے۔ حکام کے مطابق، 41 جدید ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹمز فعال کر دیے گئے ہیں جبکہ ڈرون اسکواڈز تعینات کر کے سموگ فری زونز قائم کیے جا رہے ہیں۔سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ صاف فضا ہر شہری کا حق ہے، حکومت پائیدار اقدامات کے ذریعے سموگ کے مستقل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کے مطابق سموگ سے سانس کے امراض اور دیگر بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر بچے اور بوڑھے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سموگ کی روک تھام میں حکومت کا ساتھ دیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔

اداروں اور عوام کو مل کر سموگ کے خاتمے میں حصہ ڈالنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ، ٹائرز، پلاسٹک، پولی تھین بیگ، ربڑ اور چمڑا جلانے پر پابندی عائد ہے اور خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور انڈسٹریل یونٹس کے خلاف بھی سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ پی ڈی ایم اے انتظامیہ کو بھرپور انسداد سموگ آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔